شاہد سپرا:لیسکو نے انجینئر ٹاؤن سب ڈویژن میں صارفین کو بہتر بجلی کی فراہمی اور اوورلوڈنگ کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے سسٹم اپ گریڈ کردیا ہے۔
لیسکو حکام کے مطابق دو 11 کے وی فیڈرز کو متبادل گرڈ سے انرجائز کرکے صارفین کو بجلی کی فراہمی بحال اور مستحکم کردی گئی۔ انجینئر ٹاؤن سب ڈویژن میں فیڈرز کو آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس گرڈ اسٹیشن سے انرجائز کیا گیا۔
اوورلوڈنگ کو مدنظر رکھتے ہوئے TIP-1 اور ڈیفنس روڈ-2 فیڈرز کو ویلنشیا ٹاؤن گرڈ سے آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس گرڈ منتقل کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اس منتقلی سے فیڈرز پر لوڈ کا دباؤ کم ہونے کے ساتھ تکنیکی نقصانات میں بھی کمی لانے میں مدد ملے گی۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو محمد رمضان بٹ نے کہا کہ صارفین کو معیاری، مستحکم اور بلاتعطل بجلی کی فراہمی لیسکو کی اولین ترجیح ہے۔