سٹی 42: کرائم کنٹرول کرنے کےلئے سیف سٹی کے ہزاروں کیمروں کی تنصیب کے باوجود رواں سال عوام کی 60کروڑ روپے سے زائد کی 332 گاڑیاں اور 5900 سے زائدموٹرسائیکلیں چور لے اُڑے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھرمیں چوری ہونے والی موٹرسائیکلوں میں سے 60فیصد لاہورسے چوری ہوئیں۔ جبکہ پنجاب بھر میں 52فیصد گاڑیاں بھی لاہور سے چوری ہوئیں۔ رواں سال کے گاڑی وموٹرسائیکل چوری کے اعداد شمار نے پولیس کے انٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے۔
رواں سال کے اعدادوشمارکےمطابق شہرمیں روزانہ 27شہری گاڑیوں اورموٹرسائیکلوں سے محروم ہورہے ہیں۔سیف سٹی کے ہزاروں کیمروں کی تنصیب کے باوجودشہرمیں دن بدن گاڑی وموٹرسائیکل چوری کی وارداتیں بڑھتی جارہی ہیں۔اعداد وشمار کے مطابق رواں سال اب تک لاہورمیں 30کروڑ سے زائد کی 332گاڑیاں اور29 کروڑ سے زائد کی 5900 موٹرسائیکلیں چوری ہوئیں۔
اعدادوشمارکےمطابق پنجاب بھرسےایک ارب سے زائد 9713موٹرسائیکلیں جبکہ 624گاڑیاں چوری ہوئیں۔لاہورسمیت پنجاب بھر سے چوری ہونے والی صرف 9 فیصد گاڑیاں اور موٹر سائکلیں ریکورہوئیں ۔محکمہ ایکسائز نے اندراج مقدمات پرپنجاب بھر میں چوری ہونے والی گاڑیاں سسٹم میں بلاک کردیں ہیں تاکہ گاڑی سسٹم میں ٹرانسفر نہ ہوسکے۔