( رضوان نقوی ) اینٹی کرپشن لاہور ریجن اے کی لینڈ مافیا کے خلاف بڑی کارروائی، سپورٹس بورڈ کی ایک ارب روپے مالیت کی 96 کنال اراضی واگزار کرالی۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن لاہور ریجن اے کی ٹیم نے سورس رپورٹ پر سرکاری رقبہ پر قابض لینڈ مافیا کے خلاف بڑی کارروائی کی۔ بااثر افراد نے ریونیو عملہ کی ملی بھگت سے تحصیل شالیمار کے موضع رکھ چھبیل میں سپورٹس بورڈ کی اراضی پر قبضہ کرکے گزشتہ چار سال سے کاشتکاری کا سلسلہ شروع کر رکھا تھا۔
اینٹی کرپشن کی سورس رپورٹ کے مطابق ملک مشتاق اعوان اور چاند ڈوگر نامی افراد نے عرصہ دراز سے سپورٹس بورڈ کی 96 کنال سے زائد اراضی پر قبضہ کر رکھا تھا۔ واگزار کرائی جانے والی اراضی کی مالیت ایک ارب روپے سے زائد ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر انویسٹی گیشن کاشف جلیل خان کی سربراہی میں رقبہ واگزار کرانے کیلئے کارروائی کی گئی۔
آپریشن میں اینٹی کرپشن لاہور ریجن، ریونیو اور سپورٹس بورڈ سٹاف نے حصہ لیا۔ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن احمر سہیل کیفی نے ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس نے لینڈ مافیا کے خلاف قانونی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
یاد رہے اس سے لاہور سمیت صوبہ بھر میں پی سی بی ایل کے اربوں روپے مالیت کے رقبہ پر قبضے کا انکشاف ہوا تھا۔ جس پر ڈی جی اینٹی کرپشن نے تمام ریجنل ڈائریکٹرز کو پی سی بی ایل کا رقبہ واگزار کروانے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر منظم کارروائیاں کرنے کی ہدایت کی تھی۔