سٹی 42 : وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ جلسہ کرنا پی ٹی آئی کا آئینی حق ہے ، غیر ملکی سربراہان کی موجودگی میں احتجاج مناسب نہیں ۔ ہیشگی اجازات کے ساتھ جلسہ کریں ، احتجاج کی ہرگز اجازات نہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں ہونے والی پریس کانفرنس میں کہا کہ ملائشین وزیراعظم پاکستان کے دورے پر اسلام آباد میں موجود ہیں ، ملائیشین وزیراعظم کے دورے کے بعد سعودی وفد پاکستان آرہا ہے، اسلام آباد میں ایس سی او کانفرنس بھی ہورہی ہے، ایسے حالات میں پی ٹی آئی نے احتجاج کی کال دے دی ہے، چینی صدر پاکستان آرہے ہیں جو 17 تاریخ کو واپس جائیں گے ۔ غیر ملکی مہمانوں کی سیکورٹی کے لے اقدامات کررہے ہیں ۔ حکومت ملائشین وزیراعظم کی سیکورٹی میں کمی نہیں آنے دے گی ۔ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے کل اسلام آباد میں دھاوا بولنے کی کال دی ہے، تحریک انصاف کل کے احتجاج کی کال واپس لے، اسلام آباد میں کل احتجاج کرنے والا نرمی کی توقع نہ رکھے۔ جلسہ کرنا پی ٹی آئی کا آئینی حق ہے ، غیر ملکی سربراہان کی موجودگی میں احتجاج مناسب نہیں ۔ ہیشگی اجازات کے ساتھ جلسہ کریں ، احتجاج کی ہرگز اجازات نہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو اسلام آباد آنے کے فیصلے کی نظر ثانی کرنی چاہیے، اگر کسی نے کوئی دھاوا بولا تو کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی، ہم نے تیاری کر رکھی ہے بعد میں کوئی شکوہ نہ کرے ، فوج اور پیراملٹری فورسز کو سیکورٹی کیلئے اسلام آباد طلب کیا ہے، سیکورٹی انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگرکل احتجاج کرنے کوئی آیا توہم سے شکوہ نہیں کرے، ایسا کام نہ کریں جس سے ملک کی بدنامی ہو ، احتجاج کی کال سے پہلے ملک کا مفاد دیکھیں، کارکنان پہلے ملک اور پھر اپنی سیاسی جماعت کا سوچیں ۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ایس سی او کانفرنس انتہائی اہم ہے ، پیرا ملٹری فورسز کو طلب کررکھا ہے ، صرف غیرملکی شخصیات کے دوروں کے دوران ہی احتجاج کرنے کا مقصد کیا ہے؟، کیا وجہ ہے کہ سربراہان مملکت اور اہم وفود کی آمد پر ہی احتجاج کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک طرف شہر کو خوبصورت بنانے کی کوشش کرتے ہیں دوسری طرف کنٹینررکھنا پڑرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی 10 سے 12 دن چھوڑ کر جب مرضی احتجاج کرے ۔ آج مولانا فضل الرحمان نے بھی احتجاج موخر کرنے کی اپیل کی ہے ۔
محسن نقوی نے کہا کہ کئی سال بعد پاکستان میں عالمی کانفرنس ہونے جارہی ہے ، ایسی کوئی چیز نہیں ہونی چاہے جس سے ملک کی بدنامی ہو، وزیر اعلیٰ کے پی سے توقع ہے کہ وہ ایسا کام نہیں کریں گے جس سے ملک کی بدنامی ہو ، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو سمری بھیجی ہے ، ایس سی او کانفرنس کے دوران اسلام آباد میں چھٹی ہوگی۔ کسی کو اچھا لگے یابرا ، احتجاج کوروکنے کیلئے ہر حدتک جائیں گے، پی ٹی آئی کے لوگوں نے احتجاج کیلئے ڈنڈوں پر کیل لگارکھے تھے، پکڑے گئےلوگوں سے ڈنڈنے، غلیل اورپتھربرآمد ہوئے ہیں ۔