(جنید ریاض)مہنگائی کے مارے عوام کو ایک اور دھچکا، چینی اور پتی کی قیمتیں ایک بار پھر بڑھا دی گئیں، ریٹ بڑھنے سے عام آدمی کیلئے چائے پینا مشکل ہوگیا۔
اوپن مارکیٹ میں چینی اور پتی کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں، چینی کی بوری 6 ہزار روپے سے 6 ہزار200 روپے کی ہوگئی, اوپن مارکیٹ میں چینی 4 روپے فی کلو اضافہ سے 129 روپے کلو فروخت ہورہی ہے۔ پتی کی قیمتوں میں بھی 200 روپے کلو تک اضافہ ہوا ہے، درجہ اول پتی 995 سے 1200 روپے کلو اور درجہ دوم پتی 850 روپے سے 1 ہزار 50روپے کلو ہوگئی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے عوام کو سبسڈی فراہم کرنے کے دعوے بھی دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں،حکومت نے اشیاء ضروریہ کی قیمتیں کم نہ کیں تو عوام فاقوں پر مجبور ہوجائیں گے۔
اشیاء ضروریہ کی قیمتیں بڑھنے سے جہاں عام آدمی کیلئے گھر کا خرچ چلانا مشکل ہوگیا، وہیں ان کیلئے بچوں کی دو وقت کی روٹی پوری کرنا بھی بڑا چیلنج ہوگا۔