( سٹی 42 ) فردوس مارکیٹ انڈر پاس میں تاخیر چیف انجینئر ایل ڈی اے کو لے ڈوبی، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چیف انجینئر کو عہدے سے ہٹادیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے فردوس مارکیٹ انڈر پاس منصوبے کا رات گئے دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ منصوبے کی تکمیل میں تاخیر پر وزیر اعلیٰ برہم ہوگئے جس پر چیف انجینئر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے اور ایڈیشنل ڈی جی ایل ڈی اے کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے گئے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو دیکھ کر قریبی مارکیٹ کے دکاندار اور تاجر بھی آ گئے۔ تاجروں اور دکانداروں نے ایل ڈی اے اور واسا کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے۔ عثمان بزدار نے ایل ڈی اے، واسا حکام کے رویئے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر بے فکر رہیں، میں آپ کے ساتھ ہوں، آپ کا مسئلہ میں خود ذاتی دلچسپی سے حل کراؤں گا۔ وزیراعلیٰ نے فردوس مارکیٹ انڈر پاس کی تکمیل کی ڈیڈ لائن مانگ لی۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے فردوس مارکیٹ انڈر پاس کے نام پر بھی اپنا فیصلہ واپس لے لیا، انڈرپاس کانام عبدالستار ایدھی سے تبدیل کرکے حضرت لعل شہباز قلندر رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے، آئی ڈیپ نے بورڈ کی ڈیزائننگ اور رنگوں کے امتزاج پر کام شروع کردیا ۔
ذرائع کے مطابق آئی ڈیپ نے نئے نام کا بورڈ ڈیزائن کرنا شروع کردیا ہے ۔ حضرت لعل شہباز قلندر کا بورڈ سرخ اورسفیدرنگ کےامتزاج سے بنانےکی تجویزہے ۔ انڈرپاس کی دیواروں پر صوفی بزرگ کے اقوال کو تحریر کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے ۔ انڈر پاس کی دیواروں پر حضرت لعل شہباز قلندر کے دربار کا عکس بھی بنانے کی تجویز زیر غور ہے۔