ابوبکر ارشد:ٹاؤن شپ لاہور کے بلاک 11 سیکٹر بی ون میں ٹیوب ویل گزشتہ دو ماہ سے خراب ہونے کے باعث علاقہ مکین شدید پانی کے بحران کا شکار ہیں، جس پر شہریوں نے متعلقہ محکمے اور منتخب سیاسی قیادت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ دو ماہ سے پانی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں اور اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے واٹر ٹینک اور مساجد سے پانی لانے پر مجبور ہو چکے ہیں۔
اہل علاقہ کے مطابق چند گھروں میں ذاتی موٹریں نصب ہیں، جس کے باعث دیگر مکینوں کو ہمسایوں کے گھروں سے پانی حاصل کرنا پڑتا ہے، جو کہ انتہائی دشوار صورتحال ہے۔
مظاہرین نے بتایا کہ وہ متعدد بار متعلقہ محکمے کو شکایات درج کروا چکے ہیں، تاہم تاحال کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔
علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور خراب ٹیوب ویل کی مرمت کروا کر پانی کی فراہمی بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔