(ویب ڈیسک ) حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ،گوجرانوالہ میں پابندی کے باوجود پتنگ بازی کا خونی کھیل جاری ۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں انتظامیہ پتنگ بازوں کےسامنے بے بس نظر آنے لگی ،دھاتی ڈور سے کرنٹ لگنے کے باعث خاتون جاں بحق جبکہ 2 نوجوان زخمی ہو گئے ۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق گوجرانوالہ فیروز والا روڈ پر دھاتی ڈور سے کرنٹ لگنے کے باعث ماں جاں بحق جبکہ بیٹا شدید زخمی ہو گیا ، بیٹے کو بچاتے ہوئے ماں کو کرنٹ لگا، بیٹا تو بچ گیا ماں جاں بحق ہو گئی ، 14سالہ حماد کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔
دوسری جانب ریس کورس روڈ پر پتنگ کی ڈور بجلی کی تاروں پر گرنے سے نوجوان زخمی ہو گیا،28 سالہ نوجوان کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکٹرک شاک سے نوجوان کا بازو اور ٹانگ متاثر ہوئی۔