ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان نے ایران کو بڑے نقصان سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا، ایرانی سفیر

پاکستان نے ایران کو بڑے نقصان سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا، ایرانی سفیر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

روزینہ علی: ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ حالیہ علاقائی صورتحال میں پاکستان نے مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا، جسے ایرانی قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

گورنر ہاؤس اسلام آباد میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کے دوران ایرانی سفیر نے کہا کہ پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت نے کشیدگی کے دوران اہم سفارتی کردار ادا کیا اور ایران کو بڑے پیمانے پر تباہی سے بچانے میں معاونت کی۔

ڈاکٹر رضا امیری مقدم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں اور مستقبل میں تیل سمیت مختلف شعبوں میں تجارتی تعاون میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ انہوں نے گوادر، کراچی اور بندر عباس کے درمیان تجارتی روابط کو وسعت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، جبکہ خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران اپنے قانونی اور پرامن ایٹمی حقوق سے دستبردار نہیں ہوگا اور خطے میں پائیدار امن کے لیے تعمیری سفارت کاری کی حمایت جاری رکھے گا۔