ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سی ٹی او لاہور کا ٹریفک وارڈنز کی فلاح و بہبود کیلئے اہم اقدام

 سی ٹی او لاہور کا ٹریفک وارڈنز کی فلاح و بہبود کیلئے اہم اقدام
کیپشن: file photo
سورس: City 42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عابد چودھری: سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی نے ٹریفک وارڈنز اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے لاہور ٹریفک پولیس اور مختاراں رفیق ویلفیئر ہسپتال کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرا دیے۔

معاہدے کے مطابق ٹریفک پولیس کے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو او پی ڈی سمیت متعدد طبی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی، جبکہ مختلف میڈیکل سروسز پر خصوصی رعایت بھی دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وارڈنز مختاراں رفیق لیب سے 45 فیصد تک رعایت پر طبی ٹیسٹ اور دیگر سہولیات حاصل کر سکیں گے۔ اسی طرح ٹریفک اہلکار اپنے چھ فیملی ممبران کے میڈیکل ٹیسٹ بھی خصوصی رعایت کے ساتھ کروا سکیں گے۔

معاہدے میں یہ بھی طے پایا ہے کہ شہداء، غازیوں اور مستحق ٹریفک سٹاف کے اہل خانہ کو 100 فیصد مفت طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ سرجریز، تشخیصی ٹیسٹ اور ادویات پر بھی خصوصی رعایت دی جائے گی۔

ایم او یو کے تحت ٹریفک اہلکاروں کے لیے ہیلتھ سکریننگ، ڈائیلسز سپورٹ اور نفسیاتی مشاورت جیسی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔ اس کے علاوہ وقتاً فوقتاً فری میڈیکل کیمپس کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ ٹریفک وارڈنز شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے دن رات ڈیوٹی انجام دیتے ہیں، ان کی صحت اور فلاح حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔