سٹی 42 : محکمہ داخلہ میں امن و امان کے حوالہ سے اہم اجلاس ہوا، صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کی صدارت کی۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے صوبہ بھر کے امن و امان کی تازہ صورتحال بارے بریفنگ دی۔کابینہ کمیٹی نے صوبہ بھر کے امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔کابینہ کمیٹی نے محرم الحرام کے دوران بہترین فرائض سر انجام دینے پر متعلقہ اداروں کی کاوش کو سراہا
کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے سوشل میڈیا پر فرقہ واریت پھیلانے والوں کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔
صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اظہارِ خیال کرتےہوئے کہااجلاس کے دوران صوبہ بھر میں امن و امان کی تازہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، عشرہ محرم الحرام میں وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں پوری کابینہ فیلڈ میں متحرک رہی، حکومتِ پنجاب ڈیجیٹل سپیس میں قیام امن کیلئے بھرپور سائبر پٹرولنگ کر رہی ہے، سوشل میڈیا پر فرقہ واریت کو ہوا دینے والے عناصر سے سختی سے نمٹ رہے ہیں۔
اللہ تعالیٰ نے بین الاقوامی سطح پر مذاکرات کے حوالے سے پاکستان کو بڑی عزت و تکریم سے نوازا ہے،فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ساتھ پولیس کے جوانوں کو قیام امن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں،صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے، عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا صوبہ بھر میں قیام امن کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، سوشل میڈیا پر شرانگیزی پر پیکا ایکٹ اور ATA کے تحت کارروائی کی ہدایت کی ہے،معاشرے میں نفرت پھیلانے والوں کیخلاف زیرو ٹالرینس پالیسی ہے۔
سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، چیف کوآرڈینیٹر پفٹیک، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی و متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی