سٹی 42 : شکارپور پولیس اور حساس اداروں نے مشترکہ کاروائی کے دوران 10 مرد، 05 خواتین اور 02 بچوں سمیت 17 غیر قانونی تاریکین وطن گرفتار کرلیے ۔
پولیس کے مطابق شکارپور پولیس نے حساس اداروں کے تعاون سے غیر قانونی افغان تاریکین وطن کے خلاف مشترکہ کریک ڈاؤن شروع کر دیا۔ حساس اداروں اور پولیس نے خفیہ اطلاع پر قومی شاہراہ کندن بائی پاس کے قریب کارروائی کی، جس کے دوران ایک وین سے 10 مرد، 05 خواتین اور 02 بچوں سمیت مجموعی طور پر 17 غیرقانونی افغان تارکین وطن کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ غیرقانونی تارکین وطن وین کے ذریعے شکارپور سے کراچی جارہے رہے تھے، اطلاع ملنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا۔
کارروائی اے ایس پی سٹی محمد آصف کی سربراہی میں شکارپور پولیس اور حساس اداروں نے مشترکہ طور پر انجام دی۔ پولیس کا کہنا ہےکہ گرفتار غیرقانونی تارکین وطن کو قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد متعلقہ کیمپ منتقل کیا جائے گا، ضابطہ کار کے مطابق انہیں افغانستان واپس بھیجا جائے گا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عوام غیرقانونی تارکین وطن کی موجودگی کی اطلاع قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں، تاکہ بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔