علی ساہی: ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کے احکامات پر صوبہ بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے عمل میں نمایاں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ماہ جون کے مقابلے میں ماہ جولائی کے دوران ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں 22 فیصد ریکارڈ اضافہ ہوا۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ ماہ صوبہ بھر میں 6 لاکھ 76 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ ان میں 2 لاکھ 41 ہزار سے زائد شہریوں نے فریش لرننگ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے، جبکہ 2 لاکھ 5 ہزار سے زائد افراد کو ریگولر ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔
اسی طرح 2 لاکھ 24 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کرائی، جبکہ 1 ہزار 600 سے زائد شہریوں نے گمشدہ لائسنس دوبارہ حاصل کیے۔
ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ ماہ 3 ہزار 700 سے زائد شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیے گئے، جبکہ 1 لاکھ 29 ہزار سے زائد افراد نے آن لائن لائسنسنگ سہولیات سے فائدہ اٹھایا۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا ہے کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا قانوناً جرم ہے۔ بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانوں سمیت سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے فوری بعد ای-ڈرائیونگ لائسنس ڈاؤن لوڈ کر لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ای-ڈرائیونگ لائسنس کی قانونی اہمیت کارڈ کی صورت میں جاری ہونے والے ڈرائیونگ لائسنس کے برابر ہے۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق لائسنسنگ سہولیات میں اضافے کا مقصد شہریوں کو آسان، تیز اور جدید سہولتیں فراہم کرنا اور محفوظ ڈرائیونگ کلچر کو فروغ دینا ہے۔