علی رامے:لاہور میوزیم کے تاریخی ورثے کے تحفظ، بحالی اور اسے عالمی معیار کے مطابق جدید سہولیات سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اپ گریڈیشن منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے۔
میوزیم کی بہتری اور تزئین و آرائش کے منصوبے کے لیے پری کوالیفکیشن نوٹس جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ آئی ڈیپ اتھارٹی نے منصوبے کے لیے باقاعدہ بڈز بھی طلب کر لی ہیں۔ منصوبے کی تخمینہ لاگت تقریباً ایک ارب 43 کروڑ 70 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔
منصوبے کے تحت لاہور میوزیم میں مختلف نوعیت کے ترقیاتی کام کیے جائیں گے، جن میں سول آرکیٹیکچرل، پلمبنگ، الیکٹریکل، مکینیکل، فائر فائٹنگ اور بیرونی ترقیاتی کام شامل ہیں۔
حکام کے مطابق منصوبے کے دوران ضروری تعمیراتی سامان، جدید مشینری، فارم ورک اور مطلوبہ افرادی قوت فراہم کی جائے گی تاکہ بحالی کے تمام کام مقررہ معیار کے مطابق مکمل کیے جا سکیں۔
پری کوالیفکیشن کے لیے صرف پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) کی کیٹیگری سی-1 یا اس سے اعلیٰ درجے کے جنرل کنٹریکٹرز درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔
درخواستیں پنجاب ای پروکیورمنٹ سسٹم کے ذریعے جمع کرائی جائیں گی، جبکہ صرف رجسٹرڈ ٹھیکیدار ہی اس عمل میں حصہ لے سکیں گے۔ پری کوالیفکیشن درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 25 اگست 2026 مقرر کی گئی ہے، جبکہ درخواستیں اسی روز کھولی جائیں گی۔
منصوبے کی تکمیل کے بعد لاہور میوزیم کے تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ اسے جدید سہولیات سے آراستہ عالمی معیار کے میوزیم میں تبدیل کیا جائے گا۔