فاران یامین:شاد باغ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو رکنی متحرک موٹر سائیکل اور موبائل فون چور گینگ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک چوری شدہ موٹر سائیکل، سات موبائل فونز اور غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔
ایس پی سٹی کے مطابق ملزمان کو واردات کے صرف 24 گھنٹوں کے اندر سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ٹریس کرکے مالِ مسروقہ سمیت گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو واردات کے بعد فرار ہوتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق سب انسپکٹر اسلام نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان لاہور کے مختلف علاقوں میں موٹر سائیکل اور موبائل فون چوری کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
گرفتار ملزمان کی شناخت شیری اور ارسلان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ دونوں کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ ان سے مزید وارداتوں اور ممکنہ ساتھیوں کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں۔
ایس پی سٹی نے سٹریٹ کرائم کے خلاف مؤثر کارروائی پر ایس ایچ او شاد باغ اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔