سعید احمد: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر صدر آل پاکستان انجمن تاجران خالد پرویز نے شدید ردعمل دیتے ہوئے حکومتی فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔
خالد پرویز کا کہنا ہے کہ حکومت کو اس فیصلے سے قبل عام آدمی اور نوکری پیشہ افراد کے حالات کا ضرور خیال رکھنا چاہیے تھا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ فیول کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پوری انڈسٹری پر پڑیں گے اور کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہوں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان قیمتوں کے اثرات سے نکلنا آسان نہیں ہوگا اور معیشت کو اس کا طویل المدتی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔
خالد پرویز نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مشکل وقت میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے تاجروں سے مشاورت کی جائے تاکہ بہتر اور قابلِ عمل فیصلے کیے جا سکیں۔