(ویب ڈیسک)سابق خاتون اول بشریٰ بی بی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جیل میں عمران خان کو زہر دیا جاسکتا ہے، ان کے ساتھ جیل میں غیرانسانی سلوک آئین کے آرٹیکل 9 اور14 کی خلاف ورزی ہے۔
بشری بی بی نے چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل میں سیکیورٹی کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
سابق خاتون اول نے اپنے وکیل کے ذریعےعدالت میں درخواست جمع کرائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جیل میں میرے شوہر کو زہر دیئے جانے کاخدشہ ہے۔
بشریٰ بی بی نے اپنی درخواست میں مؤقف پیش کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو گھر کے کھانے کی اجازت نہیں دی گئی، جب کہ ماضی میں قیدیوں کو سہولت دی جاتی رہی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ذمہ دار میڈیکل افسر کے ذریعے عمران خان کو خالص خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، ملاوٹ زدہ خوراک ان کی زندگی کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے۔