ویب ڈیسک: آصف علی زرداری کے خلاف پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری کی جانب سے بھیجا جانے والا نااہلی کا ریفرنس اسپیکر قومی اسمبلی نے مسترد کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما زلفی بخاری نے سابق صدر اور رکن قومی اسمبلی آصف علی زرداری کیخلاف ریفرنس اسپیکر قومی اسمبلی کو بھیجا تھا۔ آصف علی زرداری کے خلاف نااہلی کے ریفرنس کو اسپیکر قومی اسمبلی نے مسترد کر دیا۔
ریفرنس میں آصف زرداری کو آئین کے آرٹیکل 62/63 کےتحت نااہل قراردینے کی استدعا کی گئی تھی۔ پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری نے اسپیکر کو بھیجے گئے ریفرنس میں استدعا کی تھی کہ آصف زرداری کی نااہلی کیلئے ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجا جائے تاہم اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے آصف زرداری کی نااہلی کا ریفرنس مسترد کر کے فیصلے کی نقل الیکشن کمیشن کو بھجوا دی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جمع کرائے گئے ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ آصف زرداری کی جانب سے قانون سے انحراف کے شواہد ہیں، انہوں نے گیلانی دور میں توشہ خانے سے تین گاڑیاں لیں، وہ بحیثیت صدر توشہ خانے سے گاڑیاں لینے کے اہل نہیں تھے۔