ویب ڈیسک: سعد رضوی پر مقدمات کا مستقبل کیا ہوگا ، حکومت نے سر جوڑ لیے۔وزارت داخلہ کو سعد رضوی پر مقدمات کی فہرست فراہم کردی گئی، سعد رضوی پر مختلف کیسز میں 98 مقدمات درج ہیں۔
کالعدم جماعت کے سربراہ سعد رضوی اور شوریٰ ممبران پر مقدمات کی فہرست وزارت داخلہ فراہم کردی گئی۔ذرائع کے مطابق سعد رضوی پر 98 مقدمات جبکہ کالعدم تنظیم کے شوریٰ ممبران پر انسداد دہشتگردی 7 اے ٹی اے کے مقدمات بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق 7 اے ٹی اے کے کیسز ختم کرنے کیلئے حکومت کو عدالتی راستہ اختیار کرنا ہوگا۔وزارت داخلہ کیسز کو ختم کرنے کے حوالہ سے وزارت قانون سے مسلسل رابطہ میں مصروف عمل ہے۔
دوسری جانب معاہدے کے بعد مذہبی تنظیم کے کارکنوں کی رہائی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبہ بھر سے ایک ہزار کے قریب ٹی ایل پی کے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا تھا،جن کو شام تک رہا کر دیا جائےگا۔ ذرائع کے مطابق یہ تمام کارکنان تین ایم پی او کے تحت نظربند کئے گئے تھے۔ حکومت اور مذہبی جماعت کے درمیان معاہدے کے بعد محکمہ داخلہ پنجاب نےمذکورہ تمام کارکنوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جن کارکنوں اور رہنماؤں پرقتل، دہشت گردی سمیت سنگین نوعیت کے مقدمات ہیں، ان کو عدالتی پراسیس کے بعد رہا کیا جائے گا۔