(سٹی 42) امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے دوبارہ انتخاب کے لیے امریکی عوام اور کمپنیوں سے ڈیڑھ ارب ڈالر چندہ اکٹھا کیا لیکن ارب پتی ہونے کے باوجود اپنی دوسری انتخابی مہم کے لیے اپنے پلے سے ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکا کے پہلے ارب پتی صدر نے اپنے دوبارہ انتخاب کے سلسلے میں انتخابی مہم کے لیے ایک ڈالر چندہ بھی نہیں دیا جبکہ دوسرے ارب پتی صدارتی امیدواروں نے اپنی جیب سے اپنی انتخابی مہم پر کڑوروں ڈالر خرچ کیے۔
ٹرمپ کے دوسری مرتبہ صدر بننے کے سلسلہ میں انتخابی مہم کے لیے مجموعی طور پر ایک ارب 50 کروڑ ڈالر سے زیادہ کا چندہ اکٹھا کیا گیا تاہم امریکا کے فیڈرل الیکشن کمشن کے 14 اکتوبر تک کے اعدادو شمار کے مطابق چندہ دینے والوں میں ٹرمپ کا نام شامل نہیں۔
رپورٹ کے مطابق ارب پتی صدارتی امیدوار مائکل بلوم برگ نے اپنی 2020 کی انتخابہ مہم کے لیے اپنی جیب سے 1 ارب 10 کروڑ ڈالر خرچ کیے لیکن پارٹی کی نامزدگی حاصل نا کر سکے، پارٹی کا امیدوار بننے کی دوڑ میں شامل دوسرے ارب پتی امیدوار ٹام سٹائیر اپنی مہم پر پلے سے 34 کروڑ 20 لاکھ ڈالر خرچ کیے، صدر ٹرمپ نے 2016 کی اپنی انتخابی مہم کے لیے 6 کروڑ 60 لاکھ دالر چندہ دیا تھا۔