ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعظم شہباز شریف سے کویت کے سفیر کی ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف سے کویت کے سفیر کی ملاقات
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : وزیر اعظم شہباز شریف سے کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمن جاسر نے آج وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کویت کے امیر  شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس دوران کویت اور پاکستان کے درمیان مضبوط، تاریخی، برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح کے جلد از جلد پاکستان کے دورے کے منتظر ہیں۔  

شہباز شریف نے کویتی سفیر کو پہلگام واقعے کے بعد جنوبی ایشیا میں ہونے والی حالیہ صورتحال پر پاکستان کے مؤقف پر  اعتماد میں لیا۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ  پاکستان دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر میں مذمت کرتا ہے. انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں گزشتہ برسوں کے دوران پاکستان نے 90,000 سے زائد انسانی جانوں کی قربانی دی ہے اور 152 بلین امریکی ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان اٹھایا ہے۔

وزیر اعظم نے بغیر کسی ثبوت کے پہلگام واقعے سے پاکستان کو جوڑنے کے ہندوستان کے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے مؤقف پر قائم ہے اور پاکستان نے عالمی برادری کو اس واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ حکومت کی توجہ گزشتہ پندرہ مہینوں کے محنت سے حاصل کئے گئے معاشی فوائد کو مستحکم کرنے پر مرکوز ہے جو کہ دوست ممالک کے تعاون سے ممکن ہوا ہے۔ پاکستان کسی بھی ایسی کارروائی کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے جس سے علاقائی امن و سلامتی کو خطرہ ہو۔ انہوں نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔

کویتی سفیر نے پاکستان کے موقف کو آگاہ کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کی اعادہ کیا کہ کویت علاقائی امن اور سلامتی کے لیے پاکستان کے وژن کا حامی ہے۔