سٹی 42 : سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے ٹھوکر کے علاقہ سے بھکاری گروہ کا سرغنہ گرفتار کرلیا ۔
رمضان المبارک کے دوران سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے، ٹھوکر کے علاقہ سے بھکاری گینگ چلانے والا سرغنہ گرفتار کرلیا، جس کے خلاف مقدمہ درج کرکے حوالات میں بند کردیا گیا۔
انچارج سیکٹر نیاز بیگ انسپکٹر زاھد نے ٹریفک وارڈنز امجد اور ارشد کے ہمراہ مسلسل 2 سے 3 دن کی کاوش سے بھکاری گینگ کا پتہ چلایا، گروہ کا سرغنہ اپنی گھر کی خواتین سمیت دیگر عورتوں سے بھیک منگواتا تھا اور خود سائیڈ پر بیٹھ کر نگرانی کرتا تھا۔ دورانِ تفتیش گروہ کے سرغنہ احمد ولد انگن نے پولیس کو بتایا کہ وہ شکار پور سندھ کا رہائشی ہے اور وہاں سے خواتین کو لاہور لا کر بھیک منگواتا ہے۔ ملزم نے مزید بتایا کہ ہمارا پورا گروہ ہے جن کو میں شہر کے مختلف پوائنٹس پر بھیک مانگنے کے لئے چھوڑتا اور لیتا ہوں۔
بھکاری گروہ کے سرغنہ احمد ولد انگن کے خلاف گداگری ایکٹ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے تھانہ مصطفی ٹاون میں مقدمہ درج کروایا گیا ہے۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ شہر کو پیشہ ور بھکاریوں سے پاک کریں گے رمضان میں خصوصی ٹیموں کے ذریعہ بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاون جاری رہے گا۔
سی ٹی او لاھور نے انچارج نیاز بیگ اور ساتھی ٹریفک وارڈنز کو ان کی بہترین کارکردگی پر تعریفی اسناد اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا۔