طاہر جمیل: ریونیو برانچ لاہور نے زرعی انکم ٹیکس (اے آئی ٹی) کی وصولی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ ہدف سے کہیں زیادہ ریکوری حاصل کر لی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 139 ملین روپے کے ہدف کے مقابلے میں 274 ملین روپے وصول کیے گئے، یوں لاہور نے زرعی آمدن ٹیکس وصولی کا 197 فیصد ہدف حاصل کر لیا۔
غیر معمولی کارکردگی پر بورڈ آف ریونیو پنجاب نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لاہور حافظ کریم داد چغتائی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ان کی کارکردگی کے اعتراف میں تعریفی خط بھی جاری کیا گیا۔
مالی سال 2025-26 کے دوران ریکارڈ ٹیکس وصولی پر ممبر ٹیکسز بورڈ آف ریونیو میاں جمیل احمد نے بھی تعریفی پیغام جاری کرتے ہوئے حافظ کریم داد چغتائی کی کاوشوں کو مثالی قرار دیا۔
تعریفی خط میں کہا گیا ہے کہ ہدف سے زائد وصولیاں نہ صرف ایک نمایاں کامیابی ہیں بلکہ دیگر افسران کے لیے بھی قابل تقلید مثال ہیں۔ خط میں اس کامیابی کو حافظ کریم داد چغتائی کے کیریئر کا اہم سنگ میل بھی قرار دیا گیا۔