ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے ای چالان ختم کرنے کی تجویز

سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے ای چالان ختم کرنے کی تجویز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:سندھ میں ای چالان کے بھاری جرمانوں سے پریشان شہریوں کے لیے ریلیف کی امید پیدا ہوگئی ہے، کیونکہ حکومت نے ٹریفک قوانین سے متعلق بعض جرمانوں پر نظرثانی کا عندیہ دیا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کو تجویز دی گئی ہے کہ سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ نہ پہننے پر کیے جانے والے ای چالان ختم کر دیے جائیں، جبکہ ای چالان کے موجودہ نظام میں بہتری کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔

اپنے بیان میں سعدیہ جاوید نے کہا کہ ای چالان سسٹم کے نفاذ کے وقت اس کی شدید مخالفت کی گئی تھی، تاہم حکومت اس نظام کو زیادہ مؤثر اور عوام دوست بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں اب بھی تمام گاڑیوں میں ڈیش کیمرے نصب نہیں کیے جا سکے، جبکہ کراچی میں واٹر ٹینکرز پر بھی سو فیصد ٹریکرز لگانے کا ہدف مکمل نہیں ہو سکا۔ ان کے مطابق بھاری جرمانے کیے جا رہے ہیں اور بعض معاملات میں فوجداری نوعیت کے مقدمات بھی درج کیے جا رہے ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت نے مزید کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باوجود حکومت نے دباؤ قبول نہیں کیا۔ ان کے مطابق اوور اسپیڈنگ کے جرمانوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے اور بعض صورتوں میں یہ دو سے ڈھائی لاکھ روپے تک پہنچ چکے ہیں۔

سعدیہ جاوید نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں رواں سال ٹریفک حادثات اور ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کے واقعات میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حادثات کی روک تھام کے لیے ٹریفک قوانین کو مزید سخت بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کراچی میں پانی کی قلت کے حوالے سے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے فور منصوبہ مکمل ہونے کے باوجود شہر کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنا ممکن نہیں ہوگا، اس لیے پانی کے مسئلے کے مستقل حل کے لیے مزید منصوبوں پر کام کرنا ناگزیر ہے۔