سٹی42: پنجاب حکومت نے بسنت کے موقع پر مرکزی سرکاری تقریب منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ تقریب 6 فروری کو شاہی قلعہ لاہور کے دیوانِ عام میں منعقد ہونا تھی، جس میں حکومتی شخصیات اور غیر ملکی سفارتکاروں کی شرکت متوقع تھی۔
ذرائع کے مطابق امن و امان کی صورتحال اور ایس او پیز پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے میگا ایونٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تاہم یہ تجویز زیر غور رہی کہ اعلیٰ شخصیات تہوار کا علامتی افتتاح کریں اور الگ سے بسنت منائیں۔
بسنت کی نگرانی کے لیے سیف سٹی ہیڈکوارٹر اور ڈی سی آفس میں کیمپ آفسز قائم کیے جائیں گے تاکہ سیکیورٹی اور انتظامی امور کی مانیٹرنگ کی جا سکے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ حکومتی سطح پر بسنت منانے کا کوئی باقاعدہ پلان فائنل نہیں تھا اور بسنت منانے کی اجازت صرف عوام کو دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر چھت بسنت کے تہوار کو منائے گی، حکومت کا کام صرف ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔