ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سولر صارفین کیلئے نیٹ میٹرنگ پالیسی میں ترامیم کرنے کا حتمی فیصلہ

سولر صارفین کیلئے نیٹ میٹرنگ پالیسی میں ترامیم کرنے کا حتمی فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 شاہد سپرا: سولر صارفین کے لیے نیٹ میٹرنگ پالیسی میں ترامیم کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے تحت نیٹ میٹرنگ کو نیٹ بلنگ میں تبدیل کرنے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔

اس سلسلے میں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے عوامی سماعت مقرر کر دی ہے۔

نیپرا کے مطابق 6 فروری کو نیٹ میٹرنگ پالیسی میں مجوزہ ترامیم پر عوامی سماعت کی جائے گی، جس میں صارفین، اسٹیک ہولڈرز اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے جمع کرائے گئے اعتراضات اور تجاویز پر غور کیا جائے گا۔

 واضح رہے کہ نیپرا نے 16 دسمبر کو ترامیمی ڈرافٹ جاری کر کے عوام سے اعتراضات طلب کیے تھے، جن پر تیس روز کے دوران موصول ہونے والی آرا کو اب سماعت میں زیرِ بحث لایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق عوامی سماعت کے دوران نیپرا نیٹ میٹرنگ پالیسی کی ترامیم پر حتمی فیصلہ کرے گی۔ مجوزہ نیٹ بلنگ پالیسی کی منظوری کی صورت میں سولر صارفین کے لیے بجلی کے ایکسپورٹ یونٹ کی قیمت 11 روپے فی یونٹ مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔

نیٹ بلنگ پالیسی کے تحت صارفین کو موجودہ نظام کی طرح یونٹ ٹو یونٹ ریلیف حاصل نہیں ہو سکے گا، بلکہ درآمد اور برآمد شدہ بجلی کے یونٹس کا حساب علیحدہ علیحدہ کیا جائے گا۔ ترامیم کی منظوری کے بعد صارفین کو قومی ٹیرف کے مطابق بجلی کے بل جاری کیے جائیں گے، جبکہ ایکسپورٹ کیے گئے یونٹس کی ادائیگی مقررہ ریٹ پر کی جائے گی۔

توانائی ماہرین کے مطابق ان ترامیم کا مقصد بجلی کے نظام پر بڑھتے مالی دباؤ کو کم کرنا ہے، تاہم سولر صارفین کی جانب سے اس پالیسی پر تحفظات بھی سامنے آ رہے ہیں، جن پر نیپرا کی عوامی سماعت میں تفصیلی غور متوقع ہے۔