(طاہر جمیل) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 13 دسمبر کو لاہور میں جلسے کی اجازت ملے یا نہ ملے، جلسہ ہر صورت مینار پاکستان کی گراؤنڈ میں ہوگا۔
13 دسمبر کو لاہور میں پی ڈی ایم کے جلسے کے حوالے سے 180 ایچ ماڈل ٹاؤن میں اجلاس منعقد ہوا، اجلاس سے قبل پارٹی سیکرٹریٹ کے باہر مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی جانب سے لاہور کے جلسے میں رکاوٹ نہ ڈالنے کا بیان دراصل پی ڈی ایم کی پہلی کامیابی ہے، ہم نے پہلے یہ بات سمجھا دی کہ عوام کی طاقت کیا ہے، گوجرانولہ سے ملتان تک حکومت نے جلسوں میں رکاوٹیں کھڑی کیں اس کے باوجود پی ڈی ایم کے جلسے کامیاب ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ اب عمران صاحب کو دوسری بات سمجھا رہے ہیں کہ استعفیٰ دیں اور گھر جائیں، لاہور کا جلسہ ہر صورت ہوگا، خواہ حکومت اجازت دے یا نہ دے۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم کی 11 جماعتوں کی حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک جاری ہے، اس سلسلے میں پہلا جلسہ گوجرانوالہ میں ہوا تھا جو مسلم لیگ نون کا مضبوط سیاسی گڑھ ہے، دوسرا جلسہ کراچی، تیسرا کوئٹہ اور چوتھا جلسہ ملتان میں ہوا، پی ڈی ایم نے پانچواں جلسہ 13 دسمبر کو لاہو رمیں کرنے کا اعلان کیا۔ ڈپٹی کمشنرلاہور مدثر ریاض ملک نے مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے واضح کیا ہے کہ لاہور میں جلسے پر بدستور پابندی ہے ، روکا نہیں جائے گا، ایس اوپیز پر عملدر آمد نہ ہوا تو رہنماؤں کیخلاف کارروائی ضرور ہوگی، لوگوں کو خطرے میں ڈالنا کہاں کی منطق ہے، ہمیں وبا کے پھیلنے کی زیادہ فکر ہے۔