ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

 پنجاب بھر میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری، 31 مشتبہ افراد گرفتار

 پنجاب بھر میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری، 31 مشتبہ افراد گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی ساہی : پنجاب پولیس کی جانب سے شرپسند اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے صوبہ بھر میں سرچ، سویپ اور انٹیلی جنس بیسڈ کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے، ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں 278 سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 9 ہزار 578 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ 31 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔

 ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال کے دوران صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 98 ہزار 895 سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کیے جا چکے ہیں، ان کارروائیوں کے دوران 33 لاکھ 52 ہزار سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی، جبکہ مختلف کارروائیوں میں 32 ہزار 303 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔

 پولیس کے مطابق سرچ اور کومبنگ آپریشنز کے دوران مشتبہ افراد کے قبضے سے 2 ہزار 238 پستول، 171 بندوقیں، 246 رائفلیں اور بھاری تعداد میں گولیاں بھی برآمد کی گئی ہیں، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کا مقصد جرائم پیشہ اور شرپسند عناصر کی سرگرمیوں کا سدباب اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

آئی جی پنجاب عبدالکریم نے صوبہ بھر میں سرچ، سویپ اور انٹیلی جنس بیسڈ کومبنگ آپریشنز میں مزید تیزی لانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ حساس مقامات اور ہوٹلز میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔

 آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے اور گرفتار ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں، انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے تاکہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

 ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کے دوران مشتبہ سرگرمیوں اور جرائم میں ملوث عناصر کی نگرانی اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔