شاہد ندیم سپرا:لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی چوری کی بنیاد پر ٹارگٹڈ لوڈشیڈنگ کے میگا پراجیکٹ کو آپریشنل کر دیا۔
شہر سمیت مختلف علاقوں میں سکیننگ میٹرز کے ذریعے ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کی مانیٹرنگ شروع کر دی گئی ہے۔ مانیٹرنگ کے دوران بجلی چوری کی نشاندہی ہونے پر متعلقہ ٹرانسفارمر کی بجلی بند کی جائے گی۔
لیسکو کے مطابق منصوبے کے تحت ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کے ساتھ خصوصی بکس اور بریکرز نصب کیے گئے ہیں۔ بریکر کی مدد سے بجلی چوری والے ٹرانسفارمر کو بند کیا جا سکے گا، جبکہ اس سے متعلقہ 11 کے وی فیڈر متاثر نہیں ہوگا۔
لیسکو نے اس میگا پراجیکٹ پر ایک ارب 50 کروڑ روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا ہے۔ منصوبہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے مکمل کیا جا رہا ہے۔
لیسکو کی جانب سے ایسٹ پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم کی خریداری کا عمل بھی جاری ہے، جس کے ذریعے بجلی کی تقسیم کے نظام کی مزید مؤثر مانیٹرنگ کی جائے گی۔