ویب ڈیسک : بحرین نے پاکستان اور تین دیگر ممالک کے لیے سفری پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے ان کو ریڈ لسٹ سے نکال دیا ہے اور اس کا اطلاق 3 ستمبر سے ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق بحرین کی سرکاری نیوز ایجنسی نے کہا ہے کہ ریڈ لسٹ سے نکالے جانے والے باقی ممالک میں انڈیا، پانامہ اور ڈومینیکن رپبلک شامل ہیں۔واضح رہے کہ بحرین نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے 24 مئی کو پاکستان، انڈیا، سری لنکا، بنگلہ دیش اور نیپال کو ریڈ لسٹ میں شامل کیا تھا۔ریڈ لسٹ سے ہٹائے گئے ممالک کے ان مسافروں کے لیے آمد سے پہلے پی سی آر ٹیسٹ کی ضرورت نہیں جن کے ویکسینیشن سرٹیفیکیٹس کو تسلیم کیا گیا ہے۔تاہم مسافروں کو بحرین آمد پر اور ملک میں داخل ہونے کے بعد پانچویں اور دسویں روز پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہوگا۔