رانا شہزاد:برطانیہ سے چوری ہونے والی لگژری اور مہنگی ترین گاڑی رینج روور کراچی میں ٹریس کرلی گئی۔ انٹرپول مانچسٹر نے قیمتی گاڑی کی برآمدگی میں مدد کے لیے کراچی پولیس سے باقاعدہ رابطہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انٹرپول مانچسٹر نے پاکستانی حکام کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ کے علاقے ہیروگیٹ سے 22 نومبر 2022 کو چوری کی گئی رینج روور گاڑی کی حالیہ لوکیشن کراچی کے علاقے صدر میں ٹریس کی گئی ہے۔
خط کے مطابق گاڑی میں نصب ٹریکر کو برطانیہ کے شہر لیڈز میں بند کیا گیا تھا، تاہم 11 فروری کو اس کا سگنل دوبارہ کراچی کے کورنگی روڈ، اعظم بستی، صدر کے قریب سے ملا۔ انٹرپول نے گاڑی کی مکمل تفصیلات اسٹولن موٹر وہیکل (SMV) ڈیٹا بیس میں بھی شامل کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کراچی پولیس کے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (AVLC) نے گاڑی کی تلاش کے لیے فوری طور پر کارروائی شروع کر دی ہے۔
گاڑی کی قیمت سے متعلق بتایا گیا ہے کہ برطانیہ میں رینج روور کی قیمت ماڈل کے اعتبار سے مختلف ہوتی ہے۔ ایووک ماڈل کی ابتدائی قیمت تقریباً £44,380 (تقریباً 1 کروڑ 67 لاکھ روپے) جبکہ اسٹینڈرڈ رینج روور SE ماڈل کی قیمت £105,675 (تقریباً 3 کروڑ 99 لاکھ روپے) تک ہے۔ اس کے علاوہ HSE، آٹو بایوگرافی اور محدود ایڈیشن SV ویریئنٹس کی قیمتیں اس سے بھی کہیں زیادہ ہو سکتی ہیں۔
انٹرپول مانچسٹر نے پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یوکے پولیس کی مدد کریں تاکہ یہ قیمتی چوری شدہ گاڑی بازیاب ہو سکے اور اس بین الاقوامی نوعیت کے آٹو تھیفٹ کیس میں تعاون یقینی بنایا جا سکے۔