شہزاد خان: اوکاڑہ کے علاقے گلشن شبیر ٹاؤن میں انسانیت سوز واقعے نے دل دہلا دیے۔ پولیس کے مطابق درندہ صفت باپ شبیر علی نے اپنی 20 سالہ بیٹی مہک کو زیادتی کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ حاملہ ہو گئی۔ مہک نے نومولود بچے کو جنم دیا مگر باپ نے گناہ چھپانے کے لیے پہلے بچے کو قتل کر کے کماد کی فصل میں پھینک دیا۔
اس کے اگلے روز اپنی بہن سونیا اور بھائی شہباز کے مشورے سے ملزم باپ نے اپنی بیٹی مہک کو بھی قتل کر دیا۔ لڑکی کی نمازِ جنازہ کے بعد تدفین دو فور ایل کے قبرستان میں کی گئی۔
واقعے کی اطلاع 15 پر کال کے ذریعے ملی جس پر تھانہ صدر پولیس موقع پر پہنچی۔ اہلِ محلہ کے بیانات کے بعد اے ایس آئی حسنین رضا شاہ کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کی گئی جس میں شبیر علی، شہباز، سونیا اور 2نامعلوم افراد کو شامل کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں دفعات 302 (قتل)، 376 (زیادتی)، 311 (سزا کی شدت) اور 201 (جرم چھپانے) شامل کی گئی ہیں۔ پولیس نے چھاپہ مار کر مرکزی ملزم شبیر علی کو گرفتار کر لیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔
ایس ایچ او ریاض بھٹی کے مطابق مقتولہ مہک کی قبر کشائی کے لیے علاقہ مجسٹریٹ کو درخواست دی جائے گی جبکہ نومولود بچے کی لاش کی تلاش بھی جاری ہے۔