دہشتگردوں کیخلاف آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا ،آرمی چیف 

Army Chief speech, City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہاکہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا ،دہشت گردوں، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کو بخشا نہیں جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہ کیا،کوئٹہ آمد پر وزیراعلیٰ بلوچستان اور کور کمانڈر بلوچستان نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

 چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کو مستونگ اور ژوب میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی،بریفنگ میں وفاقی وزیر داخلہ، وزیر اعلیٰ بلوچستان اور اہم صوبائی وزراکے علاوہ اعلیٰ سول و عسکری حکام نے بھی شرکت کی،شرکاکی جانب سے مستونگ، ہنگو اور ژوب کے شہدکے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی ، آرمی چیف نے شہدا کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 12 ربیع الاول کو ہونے والے دہشتگردی اور اس طرح کے واقعات خوارج کے مذموم عزائم کو ظاہر کرتے ہیں، اس دہشت گردی کو بیرونی ریاستی سرپرستوں کی پشت پناہی بھی حاصل ہے، یہ دہشت گرد اور ان کے سہولت کار جن کا مذہب اور نظریے سے کوئی تعلق نہیں، وہ پاکستان اور اس کی عوام کے دشمن ہیں۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہاکہ بدی کی طاقتیں ریاست اور سکیورٹی فورسز کی بھرپور طاقت کا سامنا کرتی رہیں گی جنہیں ایک مضبوط قوم کی حمایت حاصل ہے،دہشت گردوں کے خلاف ہمارا آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا ، مسلح افواج، انٹیلی جنس ایجنسیز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا نہیں جاتا۔

پاک فوج کے سپہ سالار کا کہناتھا کہ پاکستانی عوام نے دہشتگردوں کے نظریے اور ان کے پشت پناہوں کے پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا ہے،پاکستانی عوام امن، معاشی ترقی اور انسانی ترقی کیلئے پوری طرح پرعزم ہیں جس کی وجہ سے پاکستان کے اندر اور باہر شر پسند قوتوں کو بہت زیادہ تکلیف پہنچ رہی ہے۔

آرمی چیف نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیاجہاں انہوں نے مستونگ واقعے کے زخمیوں اور اہل خانہ سے ملاقات کی ،آرمی چیف کو بتایا گیا کہ سی ایم ایچ کوئٹہ میں زخمیوں کا بہترین علاج کیا جا رہا ہے ۔

آرمی چیف نے بلوچستان پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بہادری کو خوب سراہا،آرمی چیف نے شہدا کے اہل خانہ کو مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا ،آرمی چیف نے زخمیوں اور شہدا کے لواحقین کو یقین دلایا کہ دہشت گردوں، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کو بخشا نہیں جائے گا۔