شاہد سپرا: وفاقی حکومت نے ہول سیل مارکیٹ میں بجلی کی فراہمی کا نظام پرائیویٹ سیکٹر کے سپرد کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہےجس کا مقصد بجلی کے شعبے پر موجود بوجھ کو کم کرنا اور صارفین کو سستی بجلی فراہم کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق لیسکو کے ایک میگاواٹ سے زائد لوڈ رکھنے والے صارفین آئندہ پرائیویٹ بجلی گھروں سے براہِ راست بجلی خرید سکیں گے۔ بجلی فراہم کرنے والی کمپنی اور خریدار کے درمیان 24 گھنٹے بجلی فراہمی کا معاہدہ کیا جائے گا۔
بجلی پیدا کرنے اور خریدنے والے دونوں فریقین، لیسکو کا ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم استعمال کریں گے جس کے بدلے لیسکو کو ترسیلی نظام کے کرایے کی مد میں ادائیگی کی جائے گی۔
حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ اس نظام سے قومی گرڈ پر بوجھ میں واضح کمی آئے گی،بجلی کے ٹیرف میں کمی کے امکانات روشن ہوں گے اور آئی پی پیز (نجی بجلی گھروں) پر انحصار کم ہونے سے مالی دباؤ بھی کم ہوگا۔