(سٹی 42) چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس پاکستان میں تیزی سے پھیل رہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر سے کورونا کے مزید 990 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 16870 ہوگئی جبکہ 385 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، سندھ میں کورونا کے 6053، خیبر پختونخوا میں2627، بلوچستان میں 1049، گلگت بلتستان میں 339، اسلام آباد میں343 اور آزاد جموں و کشمیر میں 66 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق پنجاب میں کورونا نے 6220 افراد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں کورونا وائرس کے 296 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کنفرم مریضوں کی تعداد 1765 ہوگئی ، پنجاب میں اب تک 106 جبکہ لاہور میں 49 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، پنجاب میں 768 زائرین سنٹرز، 1926 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 86 قیدیوں، 3441 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، پنجاب میں 1850 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 27 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیرکا کہنا تھا کہ عوام حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں، متاثرہ ممالک سے آئے افراد میں آئسولیشن کے دوران علامات ظاہر ہوں تو 1033 پر رابطہ کریں۔
حکومت کی جانب سے کورونا کی تشخیص کیلئے ٹیسٹوں کی رفتار میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے، ایک دن کے دوران پاکستان بھر میں 8 ہزار 249 لوگوں کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جس کے بعد پاکستان میں اب تک ہونے والے ٹیسٹوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 74 ہزار160 ہوگئی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں، شہری کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، گرم پانی پیئں اور ماسک استعمال کریں۔
واضح رہےکہ24 مارچ سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن نافذ ہے، لاہور میں آج لاک ڈاؤن کا 39 واں روز ہے، تمام شاپنگ مالز، مارکیٹیں، تعلیمی ادارے، سینما گھر، شادی ہالز، سیاحتی مقامات اور پارکس بند ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ ،ریلوے کا پہیہ جام ہے، کھیلوں کے میدانوں پر تالے لگے ہیں۔