سٹی 42: پاکستانی ڈراموں کی نا موراداکارہ صنم جنگ نے اپنی طلاق سے متعلق خبروں پر خاموشی توڑ دی۔
تفصیلات کے مطابق ایک نجی شو میں میزبان کی جانب سے سوال پوچھا گیا کہ آپ کو پہلی بار اس طرح کے مسائل کا سامنا کرنا نہیں پڑا لیکن آپ ایسی افواہوں پر ردعمل نہیں دیتی تو اس بار آپ کو اپنی طلاق سے متعلق خبروں پر وضاحت کیوں دینی پڑی؟
مارننگ شو ہوسٹ صنم جنگ نے جواب دیا کہ میں نے اپنی طلاق سے متعلق وضاحت اس لیے دی کیوںکہ ہمارے گھر میں ان جھوٹی خبروں کی وجہ سے مسائل پیدا ہورہے تھے اور میری ساس کو کالز موصول ہونا شروع ہوگئی تھیں ’ کیا قسام نے دوسری شادی کرلی؟
اداکارہ کا کہنا تھا کہ امریکا میں موجود میرے شوہر کو بھی اس طرح کی کالز گئی جس سے وہ پریشان ہوگئے اور مجھے کہا کہ یہ سب کیا ہورہا ہے، یہی نہیں دور دراز سے لوگ اور خاص طور پر خاندان والے مسلسل فون کررہے تھے جس پر مجھے وضاحت دینی پڑی کیوں کہ معاملہ بہت سنجیدہ ہورہا تھا۔اداکارہ نے مزید بتایا کہ سب کو یہ پریشانی ہے کہ میں اور قسام ساتھ کیوں نہیں رہتے تو اس کی پیچھے بہت لمبی کہانی ہے کہ ہم ساتھ کیوں نہیں رہتے اور وہ میں بتانہیں سکتی، وہ اپنی جاب کے سلسلے میں وہاں رہتا ہے اور ہم کچھ وقت کےلیے یہاں پر ہیں اور جلد وہاں شفٹ ہوجائیں گے۔
واضح رہے گزشتہ ماہ اداکارہ صنم جنگ کی شوہر قسام سے علیحدگی کی خبریں سوشل میڈیا پر گردش کررہی تھیں جس پر صنم جنگ نے کہا تھا کہ وہ اپنے شوہرکے ساتھ خوشگوار زندگی گزاررہی ہیں اور اگر ہماری کبھی طلاق ہوئی بھی تو لوگوں کی وجہ سے ہوگی لہذا اس طرح کی افواہیں پھیلانے سے گریزکیا جائے توبہترہے۔