وقاص احمد: لاہور کے علاقے ٹبی سٹی کے نوگزہ چوک میں 70 سالہ بزرگ اللہ رکھا اور افتخار عرف ججی کے درمیان لڑائی جھگڑے کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں بزرگ شہری جان کی بازی ہار گیا۔
پولیس کے مطابق مقتول اللہ رکھا ناشتہ لینے کے لیے محلے کے چوک میں گیا تھا، جہاں مبینہ طور پر افتخار عارف نامی شخص نے اس پر تشدد کیا۔ تشدد کے نتیجے میں اللہ رکھا شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق جھگڑے کے دوران افتخار عرف ججی نے مبینہ طور پر 70 سالہ اللہ رکھا کو تھپڑ مارے، جس سے وہ زمین پر گر گیا اور شدید زخمی ہو گیا۔ واقعے کے بعد مقتول کا بیٹا اسے فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال لے گیا، تاہم اللہ رکھا جانبر نہ ہو سکا۔
ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق ٹبی سٹی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد پوسٹ مارٹم کرایا گیا اور لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث نامزد ملزم افتخار عرف ججی کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
ایس پی سٹی کے مطابق مقدمے کی تفتیش اور مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے تاکہ ملزم کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔