عابد چودھری: شفیق آباد پولیس نے 15 پر موصول ہونے والی کال پر فوری کارروائی کرتے ہوئے شہریوں سے لوٹ مار میں ملوث ڈاکوؤں کا تعاقب کیا۔ پولیس کے مطابق تین موٹر سائیکل سوار ملزمان واردات کے بعد پنڈی روڈ کی جانب فرار ہو رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق شفیق آباد پولیس جب پنڈی روڈ کے قریب پہنچی تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔ صورتحال کے پیش نظر پولیس نے حفاظتی حکمتِ عملی اختیار کرتے ہوئے جوابی کارروائی میں ہوائی فائرنگ کی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا سلسلہ رکنے کے بعد ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی موٹر سائیکل پر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق گرفتار زخمی ملزم کی شناخت شعبان کے نام سے ہوئی ہے، جس کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزم ڈکیتی اور غیر قانونی اسلحہ سمیت 70 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی ملزم کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔