طاہر جمیل: عید کی تعطیلات کے بعد صوبے بھر میں کاروباری مراکز کے لیے مقرر کردہ اوقاتِ کار دوبارہ نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
حکومت پنجاب کی توانائی بچت مہم کے تحت مارکیٹوں اور ریسٹورنٹس کو دی گئی وقتی رعایت یکم جون تک محدود رہے گی، جس کے بعد کاروباری سرگرمیاں دوبارہ مقررہ شیڈول کے مطابق چلائی جائیں گی۔
حکام کے مطابق 2 جون سے صوبے بھر کی مارکیٹیں اور ریسٹورنٹس سابقہ اوقاتِ کار پر واپس آ جائیں گے۔ اس سلسلے میں عید کے دنوں کے لیے دی گئی خصوصی نرمی ختم ہو جائے گی۔
نئے شیڈول کے تحت مارکیٹوں کو رات 8 بجے بند کرنا لازمی ہوگا، جبکہ متعلقہ ادارے اس فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے نگرانی بھی کریں گے۔
مزید برآں، ریسٹورنٹس، شادی ہالز،کھانے پینے کی دکانوں کے اوقات کار رات 10 بجے تک ہونگے جبکہ جم، انڈور سپورٹس، آئی ٹی سیکٹر اور کال سنٹرز اوقات کار سے استثنیٰ ہو ں گے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام بجلی کے مؤثر استعمال اور توانائی کے ضیاع میں کمی لانے کی پالیسی کا حصہ ہے، جس کا مقصد توانائی کے وسائل پر دباؤ کم کرنا ہے۔