سٹی42: ایل پی جی ڈسٹری بیوشن ایسوسی ایشن نے سول ڈیفنس اور ضلعی انتظامیہ کی حالیہ کارروائیوں کے خلاف منگل کی صبح 10 بجے پریس کلب لاہور کے باہر احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایسوسی ایشن کا مؤقف ہے کہ انتظامیہ کی کارروائیاں "معاشی قتل" کے مترادف ہیں۔ سینئر نائب صدر تحصیل خان کے مطابق یہ مظاہرہ کاروباری برادری کے استحصال کے خلاف ایک پرامن مگر مضبوط پیغام ہو گا۔ مظاہرے کے دوران آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ایسوسی ایشن بطور احتجاج ایل پی جی کا کاروبار بند کرنے کا اعلان بھی کر سکتی ہے جس سے شہر بھر میں ایل پی جی کی قلت اور بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
یاد رہے کہ ضلعی انتظامیہ اور سول ڈیفنس کی جانب سے گزشتہ چند دنوں میں غیر قانونی اسٹوریج، قیمتوں میں خودساختہ اضافے اور حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزیوں پر مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئی تھیں۔
صنعتی اور تجارتی حلقوں نے بھی اس احتجاج پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔