سٹی42: عید الاضحیٰ کے موقع پر پنجاب پولیس نے سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ۔مساجد، امام بارگاہوں، عید اجتماعات اور شہریوں کے تحفظ کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبہ بھر میں 28,074 مساجد اور 890 کھلے مقامات پر نمازِ عید کے اجتماعات ہوں گے۔ان اجتماعات کی سیکیورٹی کیلئے 43 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
445 کوئیک رسپانس فورس (QRF) کی ٹیمیں بھی کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تعینات ہوں گی۔سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے 11,912 میٹل ڈیٹیکٹرز، 225 واک تھرو گیٹس اور 10,466 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں۔
لاہور میں 5 ہزار سے زائد نمازِ عید اجتماعات کی سیکیورٹی کیلئے 8 ہزار سے زائد اہلکار و افسران تعینات ہوں گے۔حساس مقامات پر خصوصی نگرانی اور ہائی الرٹ سیکیورٹی نافذ کر دی گئی ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا احکامات دیتے ہوئے کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ پر سیکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا جائے۔موجودہ سرحدی صورتحال کے پیشِ نظر لاہور سمیت پورے صوبے میں سیکیورٹی بڑھا دی جائے۔
پارکوں اور تفریحی مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے تاکہ شہری پُرامن ماحول میں عید منا سکیں۔ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، پتنگ بازی اور ہلڑ بازی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔