سٹی42: وفاقی حکومت نے بلوچستان میں بھارت کی مالی اور تکنیکی مدد سے دہشت گردی کرنے میں ملوث گروہوں اور تنظیموں کو بلا امتیاز " فتنتہ الہندوستان" کا نام دے دیا۔
وفاقی وزارت داخلہ نے بلوچستان میں دہشت گرد تنظیموں کو فتنتہ الہندوستان کے نام سے پکارے جانے اور لکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی میں ملوث تمام تنظیمیں فتنتہ الہندوستان کہلائی جائیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ نام ان دہشت گرد تنظیموں کے اصل نظریے، عزائم اور مقاصد کو ظاہر کرتا ہے۔ اس سے پہلے وفاقی حکومت نے نام نہاد مذہبی دلائل کے ساتھ دہشتگردی کرنے والی تنظیموں کو فتنہ الخوارج یا خارجی فتنہ کا نام دیا تھا۔ اب پاکستان مین میڈیا آؤٹ لیٹس نام نہاد مذہبی ناموں کی بجائے ان دہشتگردوں کو خارجی، خوارج اور خوارجی فتنہ کے نام سے لکھتی اور ذکر کرتی ہیں۔ اس نام کے سبب اب یہ دہشتگرد لوگوں کے مذہبی جذبات کو چھیڑ کر انہین کنفیوژ نہیں کر سکتے۔
وفاقی حکومت نے بلوچستان میں بھارت کا آلہ کار بننے والے تمام گروہوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے ہمہ گیر کارروائی کرنے کا فیصلہ گزشتہ ماہ کے پہلے ہفتے ان دہشتگردوں کے سرپرست انڈیا کے پاکستان پر براہ راست حملے کے جواب میں اس کے دانت توڑنے کے بعد کیا۔ اب تک پاکستان کی سکیورٹی فورسز بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کو کم سے کم طاقت استعمال کر کے کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہی تھی، اب اس فتنہ کو جڑ سے اکھاڑا جا رہا ہے۔