کلیم اختر: پنجاب کی زرعی منڈیوں کو جدید، ماحول دوست اور ڈیجیٹل نظام سے ہم آہنگ بنانے کے لیے پنجاب ایگریکلچرل مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی (پامرا) نے چار بڑے منصوبوں کا آغاز کر دیا ہے۔
کسان دوست پالیسیوں کے تحت پامرا نے ویسٹ ٹو ویلیو، منڈی مارٹ کی آن لائن رجسٹریشن، گرین واک اور آرگینک فارمرز کی آن لائن رجسٹریشن کے منصوبے متعارف کرائے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر آرگینک فارمرز کے لیے خصوصی ڈیجیٹل رجسٹریشن سسٹم بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق آن لائن رجسٹریشن کے ذریعے مستند آرگینک فارمرز کا جامع ڈیٹا بیس تیار کیا جائے گا، جس سے آرگینک فارمنگ کے فروغ اور کسانوں کی مارکیٹ تک رسائی مزید بہتر ہوگی۔
منصوبے کے تحت زرعی منڈیوں میں جدید ویسٹ مینجمنٹ اور سرکلر اکانومی کے تصور کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل پامرا ڈاکٹر کرن خورشید کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور پائیدار طریقہ کار جدید زرعی مارکیٹنگ کے لیے ناگزیر ہیں۔