ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پولیس خدمت مراکز سے رواں سال 8 لاکھ 11 ہزار سے زائد شہری مستفید

 پولیس خدمت مراکز سے رواں سال 8 لاکھ 11 ہزار سے زائد شہری مستفید
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عرفان ملک: پولیس خدمت مراکز کے ذریعے شہریوں کو جدید اور ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، جہاں رواں سال اب تک 8 لاکھ 11 ہزار سے زائد شہری مختلف خدمات سے مستفید ہو چکے ہیں۔

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق اس عرصے کے دوران 65 ہزار سے زائد شہریوں کو پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے، جبکہ ایک لاکھ 66 ہزار سے زائد افراد نے پولیس ویری فکیشن کی سہولت حاصل کی۔

ترجمان نے بتایا کہ مختلف پولیس خدمت مراکز پر شہریوں کی جانب سے 186 کرائم رپورٹس درج کروائی گئیں، جبکہ سہولت کے پیش نظر 7 ہزار سے زائد گمشدہ دستاویزات کی رپورٹس بھی درج کی گئیں۔ علاوہ ازیں 6 ہزار 443 شہریوں کو ایف آئی آر کی مصدقہ نقول فراہم کی گئیں۔

ٹریفک سے متعلق سہولیات کے تحت رواں سال 2 لاکھ 99 ہزار سے زائد لرنر ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے، جبکہ ایک لاکھ 69 ہزار سے زائد مستقل ڈرائیونگ لائسنس بھی جاری کیے گئے۔ اسی دوران 83 ہزار 449 ڈرائیونگ لائسنسوں کی تجدید کی گئی، جبکہ 7 ہزار 813 انٹرنیشنل اور 2 ہزار 847 ڈوپلیکیٹ ڈرائیونگ لائسنس بھی جاری کیے گئے۔

سی سی پی او لاہور، بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ پولیس خدمت مراکز میں شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق ڈیجیٹل آئی ٹی سروسز نے روایتی تھانہ کلچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ لاہور پولیس شہریوں کو ہر ممکن ریلیف اور معیاری پولیسنگ کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔