(اویس کیانی)وفاقی دارالحکومت میں کئی جدید منصوبوں کا اعلان کیا گیا اور اس حوالے سے اہم فیصلے بھی کیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر میں اجلاس ہوا، جس میں چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے بریفنگ دی جب کہ عوام کی فلاح وبہبود کے متعدد پراجیکٹس پر پیش رفت کا جائزہ اور مزید پراجیکٹس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
محسن نقوی نے اسلام آباد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ اسٹیڈیم بنانے کا اعلان کرتے ہوئے 10 روز میں سٹیڈیم کا حتمی ڈیزائن طلب کر لیا۔
اس کے علاوہ اسلام آباد میں نیشنل پارک کے لیے مخصوص ایریا مختص کرنے، جدید طرز پر سیف سٹی پراجیکٹ کا دائرہ کار بڑھنے اور کشمیر چوک پر ٹریفک کی روانی کے لیے اسمارٹ انڈر پاس بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے انڈر پاس کا حتمی ڈیزائن بھی 10 روز میں طلب کیا گیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں فائیو سٹار ہوٹل کی تعمیر کے لیے معروف کمپنیوں کی خدمات لینے کا فیصلہ کرنے کے ساتھ عرصہ دراز سے خالی کمرشل پلاٹوں کی تفصیل طلب کی گئی اور سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی خدمات حاسل کرنے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہیڈ کوارٹرز کے لیے بھی اراضی مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا،جب کہ نئے کنونشن سینٹر کی تعمیر کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا،اس کے علاوہ ایف سی، رینجرز، اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ہیڈ کوارٹرز کیلئے اراضی مختص کرنے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن پوری قوت سے جاری رہے گا اور واگزار کرائی گئی اراضی کا مفاد عامہ کے لیے بہترین استعمال کیا جائے گا۔