سٹی42: پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 15 فروری کو میچ نہ کھیلنے کی وجوہات سامنے آ گئیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کےبھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے کی کئی وجوہات ہیں۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہےکہ بنگلادیش کے حوالے سے آئی سی سی کا جانبدارانہ فیصلہ مرکزی حیثیت رکھتا ہے، حکومت پاکستان اس معاملے پر بنگلا دیش کے ساتھ اظہار یکجہتی دکھانا چاہتی تھی۔ذرائع کامزید کہنا ہےکہ جےشاہ نے اپنے جانبدارانہ فیصلوں سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو انڈین کرکٹ کونسل بنا دیا،جانبدارانہ فیصلوں سے انصاف اور برابری کے اصول کی دھجیاں بکھرگئیں، حکومتی ذرائع کا کہنا ہےکہ آئی سی سی کے پلیٹ فارم پرایک ملک کیلئے ایک اور دوسرے ملک کیلئے دوسرامعیار اپنایا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کرنے لیکن بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنےکا اعلان کیا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ملاقات کی جس میں ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا گیا،جس کے بعد حکومت پاکستان نے اعلان کیا کہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ کھیلے گا لیکن بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گا، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا میچ 15 فروری کو شیڈولڈ ہے۔
یاد رہےکہ جے شاہ ایک بھارتی کرکٹ کے منتظم اور تاجر ہیں، اور دسمبر 2024 سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین ہیں۔ وہ ایشین کرکٹ کونسل کے بھی صدر تھے۔