سٹی 42 : صدرِ ریاست آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی نمازِ جنازہ سرکاری و فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔
مرحوم کا جسدِ خاکی آرمی کے نوجوانوں کی قیادت میں جنازہ گاہ لایا گیا، تابوت قومی پرچم میں لپٹا ہوا تھا۔ نمازِ جنازہ کے موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی، مرحوم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
پاکستان آرمی کی جانب سے توپوں کی سلامی دی گئی، فضا سوگوار ہو گئی۔
قائداعظم اسٹیڈیم میرپور میں نمازِ جنازہ ادا کی گئی، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، اعلیٰ سول و عسکری قیادت جنازے میں شریک ہوئی ۔ اس کے علاوہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز، سیاسی، سماجی و مذہبی رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
عوام کی کثیر تعداد نے صدر آزاد کشمیر کو آخری سلام پیش کیا، فضا آبدیدہ۔
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو آبائی قبرستان چیچیاں میں مکمل قومی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔ مرحوم کی خدمات کو خراجِ عقیدت، ملک و قوم کیلئے گراں قدر خدمات کو یاد کیا گیا۔