سٹی 42: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے ضلع نوشکی میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خودکش بمبار سمیت 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ان کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ایک بڑا خطرہ ٹال دیا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کا امن تباہ کرنے والے دہشت گردوں کو کہیں چھپنے نہیں دیا جائے گا، جبکہ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔