سٹی 42: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے آپریشن کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عزمِ استحکام کے ویژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کی جا رہی ہیں۔
شہباز شریف نے کارروائی کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے میجر حافظ احسان الٰہی کو خراجِ عقیدت پیش کیا، ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور اہل خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔