ملک اشرف : حکومتِ پنجاب نے ایڈووکیٹ سپریم کورٹ عرفان صادق تارڑ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب تعینات کر دیا ہے ۔
پنجاب کابینہ سے باضابطہ منظوری ملنے کے بعد محکمۂ قانون و امورِ انصاف نے ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کی اہم ترین آئینی و قانونی نشست سابق پراسیکیوٹر جنرل سید فرہاد علی شاہ کی بطور جج لاہور ہائیکورٹ تعیناتی کے بعد سے خالی چلی آ رہی تھی۔ محکمۂ قانون کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر پنجاب کابینہ نے عرفان صادق تارڑ کی تعیناتی کی حتمی منظوری دی، جس کے بعد ان کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عرفان صادق تارڑ کو تین سالہ آئینی مدت کے لیے اس عہدے پر فائز کیا گیا ہے۔
عرفان صادق تارڑ قانون کے شعبے میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور وہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر وکیل ہیں۔ اور وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل رہ چکے ہیں وکلاء برادری اور قانونی حلقوں میں ان کا شمار ماہرِ قانون دانوں میں ہوتا ہے۔ ان کی تعیناتی سے صوبے میں پراسیکیوشن کے نظام کو مؤثر بنانے، اہم فوجداری مقدمات کی جلد پیروی اور التوا کا شکار کیسز کے تیز رفتار تصفیے میں مدد ملے گی۔
قانون دانوں اور وکلاء برادری نے عرفان صادق تارڑ کی بطور پراسیکیوٹر جنرل پنجاب تعیناتی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ صوبے میں عدل و انصاف کی فراہمی اور پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی میں بہتری کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔